وزیراعظم شہبازشریف نے بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین کے پاس عالمی مہارت اور معاشی تجربہ ہے، پاکستان بحرین کے ترقی کے سفر سے سیکھنا چاہتا ہے اور تعاون کا خواہاں ہے ۔
منامہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو زراعت، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں بڑھانے کے لیے تیار ہے ۔
شہباز شریف ایک روز قبل بحرین کے دارالحکومت پہنچے تھے اور القدیبیہ پیلس میں بحرین کی قیادت کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے تھے ۔
انہوں نے بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد سلمان بن حماد الخلیفہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں سے سٹریٹجک تعاون موجود ہے، ان شعبوں میں دونوں ممالک باہمی کام کر سکتے ہیں اور اپنی کوششوں، علم، تجربے اور ایک دوسرے کے لیے وابستگی کے ذریعے حقیقی ہم آہنگی پیدا کر سکتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور منامہ کے تعلقات ثقافتی، مذہبی، باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں جب کہ میں یہاں مہمان بن کر نہیں آیا، میں اپنے اہلِ خانہ، اپنے بحرینی بھائیوں اور بہنوں سے ملاقات کے لیے آیا ہوں، یہی ہمارے تعلقات کی اصل بنیاد ہے، اب ہمیں ان شاندار تعلقات کو اقتصادی تعاون میں تبدیل کرنا ہوگا ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین میں بردارانہ تعلقات ہیں، آج باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے لئے یہاں موجود ہوں، بحرین آنے کا مقصد اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے، ہمارے تعلقات ثقافتی، مذہبی اور باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، بحرین میں موجود پاکستانی تمام شعبوں میں عظیم خدمات دے رہے ہیں، دورے کا مقصد اقتصادی شعبوں میں مزید پیشرفت ہے ۔

