اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں اور ملک کی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، معیشت کی ترقی کےلیے اقدامات کی بدولت سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے اور بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کےلیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آگئی جبکہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی ہے، اس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ برآمدات میں اضافہ اور ریکارڈ ترسیلاتِ زر سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب سب اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں گے، تمام شعبہ جات کو ٹیکس ادا کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔