کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے کے اختتام پر زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 33 شہری زخمی ہوگئے، ذرائع کے مطابق دھماکہ خودکش تھا جس میں بی این پی کی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ۔
کوئٹہ: سریاب روڈ پر واقع شاہوانی سٹیڈیم میں بی این پی کے جلسے کے اختتام پر جلسہ گاہ کے قریب دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی، جبکہ 33 افراد زخمی ہوئے ۔
دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی نفری جائے وقوعہ پہنچی جہاں سے زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے ترجمان ساجد ترین نے کہا کہ دھماکے میں ہمارے 13 کارکن شہید ہوئے، جیسے ہی اختر مینگل کی گاڑی گزری تو زور دار دھماکہ ہوا ۔
سول ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں اب تک 14 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے ۔
زخمیوں میں سابق رکن اسمبلی سمیت بلوچستان نیشنل پارٹی کے دو رہنما اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔