پشاور (حسن علی شاہ سے) پشاور سے تعلق رکھنے والے نوجوان گلوکار اور خیبر ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے متعارف کردہ فنکار سیف علی خان نے نجی چینل کے مشہور ریئلٹی شو تماشہ میں شاندار انٹری کے بعد سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔
پشاور (حسن علی شاہ) کے مطابق، یہ شو بھارتی ٹی وی کے معروف پروگرام بگ باس کی طرز پر بنایا گیا ہے، جسے ان دنوں پاکستان کے ایک نجی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔ اس شو میں ملک کے معروف ماڈلز، ٹک ٹاکرز، بلاگرز اور اداکار حصہ لے رہے ہیں، تاہم پشاور کینٹ کے نوجوان سیف علی خان اپنی انوکھی صلاحیتوں اور جاندار پرفارمنس کی بدولت لاکھوں ناظرین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
سیف علی خان نہ صرف گلوکاری اور شاعری کے ذریعے شائقین کو محظوظ کر رہے ہیں بلکہ ان کا حاضر جواب اور برجستہ انداز بھی ناظرین کو بے حد پسند آرہا ہے۔ شو میں شریک لڑکے اور لڑکیاں جب بھی طنزیہ سوالات یا تنقیدی جملے کستے ہیں تو سیف دلچسپ اور دلکش انداز میں جواب دے کر محفل لوٹ لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ناظرین انہیں شو کا نمایاں ترین چہرہ قرار دے رہے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ سیف علی خان کو سب سے پہلے خیبر ٹیلی ویژن پشاور کے مقبول پروگرام خیبر سحر میں بطور گلوکار متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ کےٹو ٹی وی کے زکی مینہ شو، پشاوری رنگ اور مختلف عید شوز میں بھی پرفارم کر چکے ہیں۔
سیف علی خان ایک باصلاحیت نوجوان ہیں، جو نہ صرف اپنی فنی صلاحیتوں بلکہ شائستہ اور خوشگوار رویے کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں۔ ان کا تعلق ایک نامور خاندان سے ہے۔ وہ شہید آصف باغی کے صاحبزادے اور مسلم لیگ (ق) کے صوبائی رہنما صفدر باغی کے بھتیجے ہیں۔