بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوںکے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یکم نومبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے ضلع قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر موثر کارروائی کی ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی کے حامل 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے، دہشت گرد متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس و سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں کی جانے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قومی عزم ہے ۔

									 
					