عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے اعلان کیا ہے کہ وہ پارلیمانی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری بڑھ چکی ہے اور غریب آدمی کے لیے زندگی گزارنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے، جبکہ ہماری حکومتیں بھی عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہیں۔
غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ وہ پانچ مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، تاہم بعض قوتوں کی مداخلت نہ ہوتی تو وہ مزید انتخابات بھی جیت سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ملک کو معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا نہ کر سکے اور نہ ہی مہنگائی اور دہشت گردی پر قابو پایا جا سکا۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ دہشت گردی کے باعث تباہ ہو چکا ہے اور پختون ہر جگہ مر رہا ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے غلام بلور نے کہا کہ اسے برقرار رکھا جانا چاہیے کیونکہ چاروں صوبوں کا مجموعہ ہی پاکستان ہے۔
غلام احمد بلور نے واضح کیا کہ وہ سیاست نہیں چھوڑ رہے، تاہم عمر اور حالات کے باعث اب الیکشن لڑنا اور پارلیمانی سیاست ان کے بس کی بات نہیں رہی۔

