جنوبی وزیرستان میں آن لائن ای ڈومیسائل بنوانا شہریوں کیلئے درد سر بن گیا ہے۔
جنوبی وزیرستان میں آن لائن ای ڈومیسائل بنوانے میں خواتین اور طالب علموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کے محکمہ داخلہ کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے 21 مارچ سے ای ڈومیسائل بنانے کیلئے جاری کردہ پالیسی کے تحت اپنے کام کا آغاز تو کردیا ہے مگر ای ڈومیسائل کے پیچیدہ مراحل نے لوگوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
آن لائن ای ڈومیسائل کیلئے ب فارم کی شرط سے مقامی لوگوں کو ڈومیسائل بنوانے میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اس کے برعکس ضلع میں 18 سال سے زائد عمر کے شخص کا ب فارم نہ بننا لوگوں کیلئے الگ مصیبت بن گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر وانا فیصل اسماعیل کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو شہریوں کی طرف سے ای ڈومیسائل کے حوالے سے کافی شکایتیں موصول ہورہی ہیں،اس مسئلے کے حل کیلئے ہم نے محکمہ داخلہ کے پی کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے۔