بنوں کے علاقے دھرے پل میں پولیس پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، تاہم پولیس کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 18 سے 19 تھی جو 8 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے۔ دہشتگردوں میں سے تین افراد کا ایک گروپ زمین پر رینگتے ہوئے پولیس پوسٹ کے قریب پہنچنے کی کوشش کر رہا تھا اور ان کا ہدف پولیس کے ٹی آئی کیمرے کو نشانہ بنانا تھا تاکہ مربوط حملہ کیا جا سکے۔
پولیس اہلکاروں نے مشکوک حرکات بھانپتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کیا، جس پر دہشتگردوں کے دیگر ساتھیوں نے مختلف اطراف سے فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشتگرد حملہ آوروں کو پسپا ہونا پڑا اور وہ فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ حملے کو ناکام بنانے پر آئی جی پولیس نے جوانوں کی جرات، ہوشیاری اور بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے ان کے حوصلے کی تعریف کی۔