ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے الگ ریاست قائم کرنے والی تاریخ ساز شخصیت قائداعظم محمد علی جناح کی آج 77 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے ۔
آج مختلف تقریبات میں بابائے قوم محمد علی جناح کو بھرپور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے، بانی پاکستان کے مزار پر آج معروف شخصیات سمیت شہریوں کا حاضری دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی جا رہی ہیں ۔
آج صبح سویرے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ کے ہمراہ مراز قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔
اس موقع مراد علی شاہ کا کہنا تھا قائداعظم کے اصولوں پر عمل کر کے ہی ملک کو ترقی و استحکام دیا جا سکتا ہے، قائداعظم کے خواب کی تعبیر نوجوانوں کی محنت اور عزم میں ہے ۔
بابائے قوم کی برسی کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پاکستانی عوام پر زور دیا کہ وہ قائد کے انصاف، مساوات، رواداری اور جمہوریت کے وژن سے رہنمائی حاصل کریں ۔
صدر نے کہا کہ قائداعظم نے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن قائم کیا بلکہ انہیں وقار، شناخت اور خودداری بھی دی ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کے 77ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں بانی پاکستان کی بے مثال قیادت اور پاکستان کے قیام کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم قائداعظم کی سیاسی بصیرت اور مدبرانہ قیادت کو سلام پیش کرتی ہے، جن کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو بے پناہ مشکلات کے باوجود ایک آزاد وطن حاصل ہوا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے سیاسی، مذہبی، معاشی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کی، اور ان کی یہی جدوجہد پاکستان کے قیام کی صورت میں کامیاب ہوئی جو دنیا کی پہلی نظریاتی اسلامی ریاست ہے ۔