پاک فوج کی جانب سے سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری او کورٹ مارشل کی کارروائی شروع ہونے سیاسی رہنماوں کا ردعمل سامنے آیا ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےاپنے ردعمل میں کہا کہ آج کا فیصلہ کوئی چھوٹا فیصلہ نہیں ہے، فیض حمید کو تحویل میں لیا گیا ہے، مطلب ہمارے تمام تر خدشات درست تھے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 2018ء الیکشن سے پہلے فیض حمید نے سیاسی جماعت کو پروموٹ کیا، آج اس کا خمیازہ بھگت لیا، 2018ء کے مین کردار یہی تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے جو اٹھایا گیا ہے، فوج نے اچھے طریقے سے احتساب کیا، تنقید کے بجائے سراہنا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کی کارروائی سے پیغام بڑا کلیئر ہے، جو بھی آئین و قانون کیخلاف چلے گا اس کا احتساب ہوگا، پاک فوج نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے، فیض حمید کیخلاف کرپشن، سیاسی مداخلت موجود تھی، یہ فوج کا ایک درست قدم ہے۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ دیرآید درست آید، یہ تو شروعات ہے ابھی بڑے بڑے بت گرنے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فوج نے پیغام دیا ہے کہ موجودہ قیادت ایمان دارہے، ٹاپ سٹی کا کیس اٹھے گا تو اور بھی کئی نام سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں سمیت چوریاں بچانے والے سب لوگوں کی باری ہے، فیض آباد دھرنا کیس تو چھوٹا ہے ابھی بہت بڑے کیسز سامنے آئیں گے، ۔
ان کا کہنا تھا کہ سپہ سالار کو مبارکباد دیتا ہوں جو ناممکن تھا وہ بھی ممکن کر دکھایا، آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی زمین پر لیٹ جائیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر اور لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فیض حمید کے خلاف پر ہاؤسنگ سکیم کے حوالے سے بے ضابطگیاں اور شواہد سامنے آئے ہوں گے، انکوائری ہوگی تو اور بھی چیزیں سامنے آئیں گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کورٹ مارشل کے عمل کو فوجی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھنا ہے، فیض حمید کا فیض آباد دھرنے میں لوگوں کو اٹھانے میں کردار تھا اور میرا خیال ہے کہ اُن کے خلاف ناقابل تردید ثبوت آچکے ہوں گے جبکہ مزید انکوائری میں سب سامنے آجائے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی معاملات میں فیض حمید کھل کرمداخلت کرتےتھے، میرا خیال ہے کہ اُن کے ساتھ مزید لوگ بھی شامل ہوں گے کیونکہ فرد واحد تو ایسا نہیں کرسکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میراتجزیہ ہے کہ الزامات ثابت ہونے پرفیض حمید کو فوجی تحویل میں لیا گیا ہوگا، یہ اقدام پاک فوج کےاحترام اورعزت میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فیض آباد دھرنےکے معاملے پرمعاہدے میں فیض حمید کےدستخط موجودہیں، دھرنےمیں لوگوں کومینج کرکے بٹھایا گیا تھا۔