وفاقی کابینہ نے آئندہ سال 2026 کی حج پالیسی کی منظوری دے دی، سرکاری سکیم کے تحت حجاج کرام کا کوٹہ ایک لاکھ 19ہزار 210 اور اخراجات کا تخمینہ ساڑھے11 سے ساڑھے12 لاکھ روپےکے درمیان ہوگا، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے بتایا کہ 12سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کی اجازت نہیں ہوگی ۔
اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ وفاقی کابینہ نے آئندہ سال کی حج پالیسی کی منظوری دے دی ہے، سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19ہزار 210 حجاج کرام کا کوٹہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حج درخواست کے لیے پاکستانی پاسپورٹ کا حامل ہونا لازمی ہے، 12سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کی اجازت نہیں ہوگی ۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ سرکاری حج کا تخمینہ ساڑھے 11 سے ساڑھے 12 لاکھ روپےکےدرمیان ہوگا، جبکہ حج کی ادائیگی کےلیےسعودی عرب سےمنظور شدہ ویکسین لگوانا لازمی ہوگا ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 4اگست سےسرکاری حج اسکیم کےتحت درخواستوں کی وصولی شروع ہوگی اور سرکاری حج اسکیم کےتحت حج اخراجات دو اقساط میں ادا کیے جاسکیں گے ۔
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ عازمین کو حج سے متعلق مکمل تربیت دی جائے گی، جس میں لاجسٹک، حج کے طریقہ کار لباس اور دیگر امور شامل ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ حج کے لیے ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور مالیاتی نگرانی کا موثر نظام لاگو کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حج ناظم اسکیم جاری رکھی جائے گی اور شکایات کے ازالے کے لیے شفاف نظام رائج کیا جائے گا، گزشتہ برس سرکاری حج اسکیم کے تحت بہترین انتظامات کیے گئے تھے ۔