حکومت نے سرکاری اور نجی ملازمین کی تنخواہوں پر بجٹ تجاویز میں جس ٹیکس کے نفاذ کا اعلان کیا تھا اس پر نظرثانی کی جا رہی ہے جبکہ حکمران اتحاد نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو قومی اسمبلی سے منظور کرانے کے لیے حکمت عملی بھی تیار کر لی ہے۔
اتحادی حکومت کا کہنا ہے کہ آج (جمعرات) قومی اسمبلی میں شروع ہونے والی بحث کے بعد 30 جون تک بجٹ منظور کر لیا جائے گا۔ قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان آج شام قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے۔
حکمران اتحاد نے طے کر لیا ہے کہ وہ قائد حزب اختلاف اور اس کے دیگر سرکردہ ارکان کی تقاریر میں کوئی رخنہ اندازی نہیں ڈالیں گے تاہم انہیں اندیشہ ہے کہ حزب اختلاف کے ارکان حکومتی تقاریر میں ہنگامہ آرائی کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف بھی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں وہ اجلاس کے دنوں میں یہیں موجود رہیں گے۔