بلوچستان حکومت سازی کا معاملہ ،صوبائی اسمبلی کا اجلاس 26فروری کو طلب کئے جانے کا امکان ہے
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائینگے ۔پیپلز پارٹی کی جانب سے آج متفقہ طورپر وزیراعلی بلوچستان کے امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی فارمولے اور وزارت اعلی کے امیدوار کااعلان ہوتے ہی نو منتخب اراکین اسمبلی کوئٹہ پہنچیں گے ۔ اس وقت بیشتر نومنتخب اراکین اسمبلی حکومت سازی کیلئے اسلام آباد میں موجود ہیں۔دوسری جانب بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملے پر سینیٹر احمد خان کی رہائش گاہ پر مذہبی و قوم پرست جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں جمعیت علما اسلام، اے این پی، نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں نے شرکت کی۔
مولانا عبدالواسع، زمرک خان اچکزئی اور خیر جان بلوچ سمیت رہنما موجود تھے۔اجلاس میں بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے جمعیت علما اسلام کو بلوچستان حکومت میں شراکت داری سے معذرت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں جمعیت علما اسلام، نیشنل پارٹی، اے این پی سمیت دیگر جماعتوں نے اپنا وزیر اعلی بلوچستان کا امیدوار لانے پر غور کیا۔