قبائلی ضلع لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر حملے کے بعد مختلف علاقوں میں فریقین کے درمیان جھڑپوں نے مزید شدت اختیار کرلی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کرم جاوید محسود کے مطابق بگن کے علاقے میں لشکر نے مکانات، دکانیں اور پیٹرول پمپوں پر قبضہ کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بگن بازار میں فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ اس کے علاوہ مقبل، کنج علی زئی، صدہ خار گاؤں اور بالش خیل میں بھی جھڑپوں کی خبریں منظرعام پر آئی ہیں اور ان کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق حالیہ جھڑپوں میں 18 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی لوگوں نے خیبر نیوز کو بتایا کہ مسافر قافلے پر فائرنگ میں جاں بحق افراد کی تدفین کے بعد علی زئی سے لڑائی شروع ہوئی اور لوئر کرم کے چار مقامات پر فریقین کے درمیان بھاری ہتھیاروں کا استعمال ہوا۔