اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے اساتذہ کی آواز سنی جانی چاہیے۔تحریک انتشار اپنے صوبے میں اپنے آپ سے مطالبہ کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انتشار اپنی روش پر قائم ہے۔ یہ صرف این آر او کے لیے ملک میں امن و امان کو داؤ پر لگا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے اساتذہ کے حقوق کو دبانے کے لیے تشدد کا راستہ اپنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں امور نوجوانان پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ وہاں تعلیمی نظام تباہ حال ہے۔ یہ احتجاج اپنے لیڈر کی رہائی کے لیے کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کی معیشت استحکام سے ترقی کی طرف جا رہی ہے۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔ پاکستان کی معیشت کو مزید بہتر کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ اکتوبر میں ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم 10 نومبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ فلسطین کے معاملے پر ریاض سمٹ میں شرکت کریں گے۔ ریاض سمٹ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ وزیراعظم نے ہر فورم پر غزہ اور فلسطین کے معاملے پر آواز بلند کی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھا گیا۔