پشاور: خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد رواں سال کے دوران ملک میں پولیو کے متاثرین کی تعداد 48 تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درزندہ کی یونین کونسل بہران میں 28 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے بھی اس بچے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کیس ڈی آئی خان میں رواں سال کا تیسرا پولیو کیس ہے اور اس کے ساتھ خیبرپختونخوا میں پولیو کے متاثرین کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری قومی مہمات کے باوجود پولیو وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے حکام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس نئے کیس کے بعد ملک بھر میں پولیو کے مجموعی کیسز کی تعداد 48 تک پہنچ چکی ہے، جو کہ صحت حکام کے لیے ایک سنگین چیلنج بنی ہوئی ہے۔
انسداد پولیو پروگرام کے مطابق رواں سال اسلام آباد میں پولیو کا 1 کیس، پنجاب میں 1، خیبر پختونخوا میں 10، سندھ میں 13 اور بلوچستان میں 23 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم میں بھرپور حصہ لیں تاکہ اس موذی وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے اور مزید بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔