پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، بنگلہ دیش کا 122 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرکے ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا، عبدالسبحان کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، دوسری جانب ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، ایونٹ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا ۔
دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔
میچ 27 اوورز تک محدود کیا گیا تھا، بنگلہ دیش کی ٹیم آخری اوور میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس میں سمون بشیر نے سب سے زیادہ 33 اور عزیز الحکیم نے 20 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے 4 ، حذیفہ احسن نے 2 ، علی رضا، محمد صیام اور احمد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔
قومی ٹیم نے ہدف 17 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور میچ جیت کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کی، وہ 69 رنز بناکر نمایاں رہے ، احمد حسین 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ عثمان خان 27 اور حمزہ ظہور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔
شاندار بولنگ پر قومی ٹیم کے بولر عبدالسبحان کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ۔
اس سے قبل بھارت نے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ۔
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا، ایونٹ کا فائنل اتوار کو دبئی میں کھیلا جائے گا ۔

