میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس سمیت مختلف علاقوں میں فوجی حملے کیے ہیں۔ کاراکس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ جنگی طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ان حملوں کا حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا اور دارالحکومت میں کم از کم سات دھماکے ہوئے۔ ایک امریکی عہدیدار نے وینزویلا کے خلاف فوجی کارروائی کی تصدیق کی ہے۔
وینزویلا کی حکومت کا کہنا ہے کہ حملے کاراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں ہوئے اور ان کا مقصد ملکی تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے۔ حکومت نے امریکی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔ حملوں کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ چند علاقوں میں زمینی کارروائی کی غیرمصدقہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاراکس کے بعض علاقوں میں بجلی بند ہو گئی، نقل و حرکت محدود کر دی گئی اور مختلف مقامات سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا ہے۔ ادھر امریکی سفارتخانے نے وینزویلا میں موجود امریکی شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔

