سیہون: ٹول پلازہ کےقریب انڈس ہائی وے پر مسافر وین گڑھے میں گرنے سے 12 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق انڈس ہائی وے پر سیلابی پانی کے اخراج کے لیے کٹ لگائے گئے تھے، سیلابی صورتحال کے 2 ماہ بعد بھی کٹ اور کھڈےکو پُر نہیں کیا گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا، لاشوں اور زخمیوں کو عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی عمران قریشی کے مطابق حادثے میں20 افراد جاں بحق اور 13زخمی ہوئے ہیں۔
عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیہون کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین صدیقی کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 خواتین، 6 بچے اور 6 بچیاں شامل ہیں، جاں بحق بچوں کی عمریں 10سے 15سال کے درمیان ہیں، 2 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفیٰ کا کہنا ہےکہ مسافروین میں 33 افراد سوار تھے، حادثےمیں 20 افراد جاں بحق ہوئے، 13کو نکال لیا گیا جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہے، متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کےشریک ہیں، میتیں آبائی علاقے منتقل کرنےکے لیے ہر سہولت فراہم کریں گے۔
حادثے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔