اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایوان وزیراعظم میں اہم ملاقات کی ۔ دوران ملاقات پاک فوج میں اہم تعیناتیوں پر مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف کی ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات میں اہم سیکيورٹی ادارے کے سربراہ بھی موجود تھے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک فوج میں اہم تعیناتیوں سے متعلق مشاورت کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں اہم تعیناتی پر پیش رفت متوقع ہے۔
ایوان وزیراعظم اسلام آباد میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی ملک احمد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں آرمی چیف کی تقرری سے متعلق امور زیر غور آئے۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں یہ مؤقف پیش کرچکے ہیں کہ اہم عہدے پر تعیناتی کا عمل ایک سے دو روز میں مکمل ہوجائے گا۔ جب کہ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 24 نومبر کو ترکیہ کے سرکاری دورے پر روانگی سے قبل اہم تعیناتی کا فیصلہ کرلیں گے۔