پشاور میں راہزنوں کی جانب سے پولیس پر مسلسل تیسرا حملہ کیا گیا ہے ۔ جوابی کارروائی میں ایک رہزن زخمی ہوگیا، پولیس نے3رکنی خطرناک رہزن گروہ کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا ۔ ملزموں میں ایک افغان باشندہ بھی شامل ہے ۔
رات گئے یکہ توت پولیس کو اطلاع ملی کہ مسلح افراد واردات کی غرض سے اخون آباد قبرستان چوک میں موجود ہیں جس پر ڈی ایس پی مختیار خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی جائے وقوعہ پہنچی تو راہزن گروہ نے فائرنگ شروع کردی جس میں پولیس محفوظ رہی۔ جوابی کارروائی میں ایک رہزن وسیم ولد اکرام الدین ساکن افغانستان حال طور بابا زخمی ہوگیا، پولیس نے اس کے دو ساتھیوں سلمان ولد عزیز الرحمن اور گل زیب ولد جہانزیب کو بھی قابو کرکے گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے موبائل فون اور تین پستول برآمد کر لیے گئے۔ ملزموں کے خلاف تھانہ یکہ توت میں راہزنی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
گرفتار راہزنوں نے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے جن کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ۔ واضح رہے اس سے قبل تھانہ ٹائون اور تھانہ پھندو پولیس پر بھی راہزنوں نے حملے کئے ہیں۔