سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ سعودی عرب کی پاکستان میں جاری سرمایہ کاری کو ایک ارب سے بڑھا کر دس ارب ڈالر تک کرنے کے منصوبے پر غور کیا جائے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’سعودی پریس ایجنسی‘ کے مطابق ولی عہد نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں سعودی ڈیپازٹ کی رقم کو بڑھا کر پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ ان اقدامات کا اعلان آج (منگل) صبح کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیران دنوں سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں اور گذشتہ روز ان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔ تاہم سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد کی جانب سے ان اقدامات کا اعلان پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور محمد بن سلمان کے درمیان جاری رابطوں کے پس منظرمیں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 25 اگست 2022 کو پاکستان کے لیے اعلان کردہ سعودی سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر تک محدود تھی جسے اب 10 ارب تک بڑھانے کی بات کی گئی ہے۔