محکمہ انسداد دہشت گردی اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت 9 مختلف مقدمات میں تفتیش کے لیے طلب کر لیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سی ٹی ڈی سمیت 9 تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ان مقدمات میں تفتیش کے لیے وفاقی پولیس نے عمران خان کو طلب کر لیا ہے۔
عمران خان کو دو مقدمات میں 11 اپریل کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 7 مقدمات میں 12 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔
ان تمام مقدمات میں پیش ہونے کے طلبی کے نوٹسز عمران خان کی زمان پارک لاہور کی رہائش گاہ پر بھجوائے گئے ہیں، نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پیش ہو کر اپنا مؤقف دیں ورنہ ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔