قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے دفاعی چیمپئن فرانس کو شکست دے کر یورپ کی 16 سالہ اجارہ داری ختم کرتے ہوئے تیسری بار ورلڈکپ جیت لیا، 2006 سے مسلسل 4 یورپی ٹیموں(اٹلی، اسپین، جرمنی اور فرانس) نے ورلڈکپ جیتا تھا۔ اتوار کو کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹینا نے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔
قطر کے شہر لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے پہلے ہاف میں ہی ارجنٹینا نے فرانس کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل کرلی تھی، ارجنٹینا کی جانب سے پہلا گول لیونل میسی نے 23 ویں منٹ میں پینالٹی پرکیا جبکہ دوسرا گول ڈی ماریہ نے 36 ویں منٹ میں کیا۔ تاہم دوسرے ہاف میں فرانس کے ایمباپے نے 2 منٹ میں دو گول کرکے میچ میں ارجنٹینا کی برتری ختم کردی، میچ مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر رہا۔
اضافی وقت میں میسی نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ارجنٹینا کو 2-3 کی برتری دلادی لیکن پھر ایمباپے نے تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ارجنٹینا کی برتری ختم کردی۔ اضافی وقت میں بھی میچ 3-3 سے برابر ہوگیا، ورلڈ چیمپئن کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹینا نے 4 جبکہ فرانس نے 2گول کیے۔
یوں جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دے کر یورپ کی فیفا ورلڈکپ پر 16 سالہ اجارہ داری کا خاتمہ کیا، 2006 میں اٹلی، 2010 میں اسپین، 2014 میں جرمنی اور 2018 میں فرانس نے ورلڈکپ جیتا تھا۔
فرانس کے خلاف کامیابی کے بعد لیونل میسی نے اپنے آخری ورلڈکپ کو یادگار بناتے ہوئے اپنا ادھورا خواب پورا کیا اور ورلڈکپ ٹرافی اپنے نام کرلی۔ واضح رہے کہ ارجنٹینا نے 1978 اور 1986 میں بھی ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔
میسی فیفا ورلڈکپ 2022 کے بہترین کھلاڑی قرار
آخری بار میگا ایونٹ کھیلنے والے ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی فیفا ورلڈکپ 2022 کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ میچ کے بعد ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے و الے کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا جس میں ارجنٹینا کے فرنانڈس کو ینگ پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فرانس کے کیلیان ایمباپے کو گولڈن بوٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ ارجنٹینا کے مارنڈینز نے بہترین گول کیپر کا گولڈن گلوو ایوارڈ جیتا جبکہ اپنا آخری ورلڈکپ کھیلنے والے ارجنٹینا کے لیونل میسی کو گولڈن بال ایوارڈ( ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی) دیا گیا۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا کہنا ہےکہ ہم نے عرب ممالک کی طرف سے ایک غیر معمولی چیمپئن شپ کے انعقاد کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ فیفاورلڈکپ 2022 کےفائنل کے بعد ایک ٹوئٹ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا کہنا تھا کہ میں ورلڈکپ 2022 جیتنے پر ارجنٹینا کی ٹیم کو اور ساتھ ہی فرانس کی ٹیم کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ امیر قطر کا کہنا تھا کہ میں تمام ٹیموں کے شاندار کھیل اور ان شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پرجوش انداز میں ان کی حوصلہ افزائی کی۔