پشاور: ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب دھماکے میں 3 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ خیبرنیوز کے مطابق پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد پھٹ گیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو ٹیمیں اور سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے، ریسکیو اہلکاروں نے بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جب کہ سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور یہ پتا لگایا جارہا ہےکہ دھماکا خیز مواد کب رکھا گیا اور یہ کس گاڑی میں لایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں نجی بینک کا عملہ مکمل طور پر محفوظ رہا۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق ورسک روڈ دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوئے جس میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ زخمی بچوں کی عمر 7سے 10 سال کے درمیان ہے جن میں سے ایک 9 سالہ بچے کی حالت تشویشناک ہے۔ ترجمان کے مطابق زخمیوں میں احمد جان، احسان اللہ، جاوید خان، ظاہراللہ، سعد احمد اور یوسف خان شامل ہیں۔
ایس پی ارشد خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکا صبح 9 بجکر 10 منٹ پر ہوا جس میں 4 کلوگرام بارود استعمال کیا گیا جب کہ دھماکے کا کون ٹارگٹ تھا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔