کوہاٹ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکاروں کی بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ کی فارنزک رپورٹ آ گئی۔ کوہاٹ میں دہشتگردوں کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ سے گولیاں آرپار نکلنے کی خبروں پر قائم کردہ انکوائری کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی۔
رپورٹ کے مطابق گولیاں بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ سے آر پار نہیں ہوئیں بلکہ پولیس جوان براہ راست شدت پسندوں کی اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنے۔
ڈائریکٹرفارنزک سائنس لیبارٹری وقار احمد کے مطابق شہید اہلکاروں کے بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس کا جائزہ لینے کے بعد پتا چلا کہ جیکٹس اور ہیلمٹ پر انٹری پوائنٹ ہے لیکن ایگزٹ پوائنٹ نہیں جس سے معلوم ہوا کہ آلات کار آمد ثابت ہوئے ۔
پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں کو متعدد اطراف سے گولیاں لگیں، شدت پسندوں نے واردات میں نائن ایم ایم، ایس ایم جی اور 30 بور اسلحہ کا استعمال کیا تھا ، پوسٹ مارٹم میں اہلکاروں کی سائیڈ انجریز رپورٹ ہوئی ہیں، اہلکاروں پر 48 فائر ہوئے جن میں 23 گولیاں اہلکاروں کو لگیں۔
سوشل میڈیا پر بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ سے گولیاں آرپار ہونے کی خبروں پر انسپکٹر جنرل پولیس نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔