**سابق وزيراعظم عمران خان کو سيکيورٹی خدشات پر اسلام آباد پوليس ہيڈ کوارٹرز پہنچادیا گیا، پی ٹی آئی چیئرمین کیخلاف کیسز کی سماعت کیلئے نيب کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ پوليس لائن ميں شفٹ کردیئے گئے، ان کیخلاف کیسز کی سماعت پولیس گیسٹ ہاؤس میں ہو رہی ہے،،عمران خان پر توشہ خانہ ريفرنس پر بھی فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
نیب نے عمران خان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کا فیصلہ کیا ہے۔ ابھی عدالت میں سماعت میں وقفی کر دیا گیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے وکلاء کی ٹیم سے مشاورت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ریڈ الرٹ جاری
پاکستان تحریک انصاف کے ملک بھر میں احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد مین دفعہ 144 کے بعد ریڈ الرٹ بھی جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر اقتدار میں تعینات پولیس اہلکاروں کو اسلحہ ساتھ رکھنے کی ہدایت کردی گئی، گزشتہ روز احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں کے اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی تھی، اہم تنصیبات پر رینجرز جبکہ چوک اور چوراہوں پر مسلح پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
اسلام آباد پولیس ترجمان کے مطابق سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر بھر سے اب تک 100 سے زائد شرپسندوں کو گرفتار کیا جاچکا۔