پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) کی نگران حکومت نے سرکاری گاڑیوں کی مونٹائزیشن کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نےکار مونٹائزیشن پالیسی کے تحت نگران صوبائی حکومت کو تجاویز ارسال کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مونٹائزیشن پالیسی کے تحت سرکاری افسر اپنے تصرف میں موجود گاڑی 2 سے 3 اقساط میں خریدسکےگا۔
پالیسی کے تحت ایک افسر کو ایک ہی گاڑی خریدنے کی اجازت ہوگی، سرکاری افسران کو خریدی گئی گاڑیوں پر باقاعدہ سبز نمبر پلیٹ لگانے کی اجازت ہوگی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مونٹائیزیشن پالیسی میں ریسکیو 1122، پولیس موبائل اور میونسپلٹی کی گاڑیاں شامل نہیں ہوں گی، ان کی سرکاری حیثیت برقرار رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مونٹائزیشن کے تحت صوبے میں موجود 40 ہزار سے زائد سرکاری گاڑیاں سرکاری افسران کو فروخت کی جائیں گی، اس طرح صوبے کو 10 ارب روپے آمدن کی توقع ہے۔