خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں میں ایک ارب 9 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے ضم شدہ اضلاع خیبر، باجوڑ اور مہمند میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کیس کی تحقیقیات مکمل کرلی ہیں۔ نیب نے احتساب عدالت میں پی ڈبلیو ڈی کے 19 افسران سمیت 31 ملزمان کےخلاف ریفرنس بھی دائر کردیا۔ دائر ریفرنس کے مطابق تینوں اضلاع میں ترقیاتی اسکیموں کیلئے ایک ارب 80 کروڑ روپے مختص تھے، فنڈز مالی سال 22-2021 میں 52 ترقیاتی اسکیموں کیلئے رکھے گئے تھے۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ملی بھگت سے غیرقانونی طور پر 47 ٹھیکے دیے اور جعل سازی کرکے ادائیگیاں کیں۔ ریفرنس کے مطابق ملزمان نے قومی خزانے کو ایک ارب 9 کروڑ روپے سے زیادہ نقصان پہنچایا۔