Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

آئندہ چند ہفتوں میں قیمتوں میں اضافے پر قابو پالیا جائے گا، مفتاح اسماعیل کا دعویٰ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں قیمتوں میں اضافے پر قابو پالیا جائے گا ۔ اگلے ہفتے روپیہ پر دباؤ بھی کم ہوجائے گا۔
وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے کہا کہ بہتر فیصلہ سازی کے نتیجے میں رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ معاشی اہداف حاصل کر لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب میں بڑھتی ہوئی کساد بازاری کے پیش نظر برآمدات میں اضافہ ایک بڑا چیلنج ہو سکتا ہے ۔ اسی تناظر میں ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانے کیلئے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔ معیشت کے اہم برآمدی شعبے کو سہارا دینے کے لیے صنعتی فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔
وزیر خزانہ نے بعض حلقوں کی جانب سے پیدا کیے گئے اس تاثر کو مسترد کیا کہ حالیہ مہینوں میں ملک کی ترسیلات زر، برآمدات اور ٹیکس وصولی میں کمی ہوئی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے نشان دہی کی کہ مئی اور جون میں ریکارڈ ترسیلات ہوئیں ۔ ایف بی آر نے بھی اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال کے دوران محصولات میں35فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر7ہزار500ارب روپے جمع کرے گا ۔ 800ارب روپے لیوی کے طور پر جمع ہوں گے ۔ حکومت معیشت کو درست سمت میں لے جانے کیلئے معیشت کے پیداواری شعبوں بشمول زراعت۔ صنعتوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو معاونت فراہم کر رہی ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ بیجوں پر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات پر ٹیکس ایک فیصد سے کم کر کے 0.25فیصد کر دیا گیا ہے۔
مفتاح اسمعیل نے کہا کہ اگلے ہفتے روپیہ پر دباؤ کم ہوجائے گا۔ جس کہ وجہ یہ ہے کہ حکومت درآمدات کم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ پاکستان اس وقت اس پوزیشن میں کھڑا ہے جہاں اس کی نئی درآمدات، برآمدات اور ترسیلات زر سے کم ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.