چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو کوئٹہ گیریژن کے دورے کے موقع پر ژوب میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ژوب حملے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور دہشتگرد حملے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلح افواج کو افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے محفوظ ٹھکانوں پر تشویش ہے، اس قسم کے حملے نا قابل برداشت ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی ہوگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے افغانستان سے ٹی ٹی پی کی دہشتگرد کارروائیوں اور افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کی محفوظ پناہ گاہوں پر اظہار تشویش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امید تھی کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے گی، پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں افغان شہریوں کا ملوث ہونا ناقابل برداشت ہے، پاکستانی افواج دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی اور دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ کر چھوڑیں گی۔