کراچی(ویب ڈیسک) ڈالر کے مقابلے میں روپے کے مضبوط ہونے کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر آج 17 پیسے کم ہوگئی۔
دو ہفتوں سے زائد دورانیے سے انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی جاری ہے۔ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام تک ڈالر کی قیمت 218 روپے کی سطح تک آگئی تھی۔ آج منگل کو اس کی قیمت میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔
منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 77 پیسے کی کمی سے 217.19 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔ لیکن وزارت خزانہ کی جانب سے50 ہزار ڈالر مالیت تک کے زیرالتواء لیٹرآف کریڈٹ کی ادائیگیوں کی اجازت دئیے جانے سے درآمدی ضروریات بڑھ گئیں۔ جس کے نتیجے میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 17 پیسے کی کمی سے 217.79 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپے کی کمی سے 219 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ انٹربینک میں 22 ستمبر سے اب تک ڈالر کی قدر میں 23 روپے تک کمی آچکی ہے۔