Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

آڈیٹر جنرل کا بلین ٹری سونامی میں 3 ارب 46 کروڑ 35 لاکھ روپے کرپشن کا انکشاف

اسلام آباد(ویب ڈیسک) آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے تحریک انصاف حکومت کے فلیگ شپ 10 بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کے تین سال کے آڈٹ میں 3ارب 49کروڑ 35لاکھ روپے سے زائد کی سنگین بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کا سراغ لگالیا۔
آڈیٹر جنرل کی جانب سے ایک ارب 25کروڑ 90لاکھ روپے کے اخراجات کو مشکوک اور 98کروڑ 29لاکھ روپے کے اخراجات کو فرضی اورجعلی قرار دے دیا گیا ۔ ذمے داروں کے خلاف کارروائی بھی تجویز کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق آڈیٹرز نے ایک ارب 25کروڑ 90لاکھ روپے کے اخراجات کو مشکوک اور 98کروڑ 29لاکھ روپے کے اخراجات کو فرضی اورجعلی قرار دیا ہے۔ تقریبا ایک ارب 25کروڑ16 لاکھ کے اخراجات کو غیر قانونی اور غیر ضروری قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں اصل کامیابیوں کے برعکس جعلی، فراڈ اور زائد رپورٹنگ کو بے نقاب کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق 16ہزار953ہیکٹر پر مختلف سرکلز میں قائم سابقہ بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کے انکلوژرز کو10بلین ٹری سونامی کے حصے کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے قومی خزانے کو 30کروڑ 55 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔
رپوٹ کے مطابق جعلی اور ضرورت سے زیادہ رپورٹنگ چترال، دیر کوہستان، لوئر دیر، مالاکنڈ، کنہار واٹرشیڈ، اونہار واٹرشیڈ فاریسٹ ڈویژن میں کی گئی۔
آڈٹ رپورٹ میں ذمے داروں کے خلاف اعلی سطح کی انکوائری کے ساتھ ساتھ فوری طور پر 15کروڑ 53لاکھ روپے کی ریکوری کی سفارش کی گئی ہے جبکہ نقصان کا ذمے دار پوری چین آف کمانڈ کو قرار دیا گیا ہے اور اسے بے نقاب کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.