Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نواز شریف پر الزامات سے دستبردار ، معافی مانگ لی

براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لگائے گئے الزامات سے دستبردار ہوتے ہوئے ان سے معافی طلب کی ہے۔ میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے براڈ شیٹ کے سی ای او  کاوے موسوی نے کہاکہ وہ دودہائیوں تک احتساب کے نام پر نوازشریف کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمسار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وہ ریکارڈ کی درستگی کے لیے معافی چاہتے ہیں کیونکہ دودہائیوں سے جاری براڈ شیٹ کی فرانزک تحقیقات کے دوران نواز شریف یا ان کی فیملی کے حوالے سے ’ایک روپیہ‘ کی کرپشن کا معمولی ثبوت بھی نہیں ملا۔

کاوے موسوی نے کہاکہ براڈ شیٹ کی تحقیقات کے نتیجے میں سابق وزیراعظم نواز شریف یاان کے خاندان کے کسی بھی فرد سے متعلق بدعنوانی، چوری شدہ ، چھپی ہوئی یا ایسی دولت جس کے ذرائع کے متعلق نہ بتایا جاسکے، ایسی دولت کا ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔

کاوے موسوی جنہوں نے قومی احتساب بیورو( نیب) کے ساتھ بڑے پیمانے پرڈیل کی۔ ان کا کہنا تھاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نیب نے سیاسی بنیادوں پر نواز شریف کے خلا ف مقدمات بنائے اور یہ ہی وجہ ہے کہ وہ آج نواز شریف سے معافی کے طلب گار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب کی دھوکا دہی کاحصہ بننے پر معافی مانگنے پر کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جانتے ہیں کہ نواز شریف سے معافی مانگنے کے گہرے سیاسی نتائج ہوں گے تو کاوے موسوی نے نوازشریف کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے اپنی معذرت دہرائی۔’میں اسے دہراتا ہوں۔‘

مسٹر شریف ہم آپ سے معذرت خواہ ہیں کیونکہ مسٹر شریف آپ واضح طور پر ایک بڑے منظم اسیکنڈل کا نشانہ بنے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ جب حقائق بدلتے ہیں تو میں نے اپنے خیالات بھی بدل سکتا ہوں۔

22 برس قبل جب پرویز مشرف نے آپ کے خلاف تحقیقات کرنے کو کہا تو ہمیں قائل کیا گیا تھا اور ہم نے تحقیقات شروع کیں لیکن ہم نے دیکھا کہ ہرموڑ پر تحقیقات کوسبوتاژ کیاگیا، اس لیے نہیں کہ ہم چیزوں کے قریب جا رہے تھے بلکہ اس لیے کہ ان کی نیت کچھ اورتھی کیونکہ ان کا مقصد صرف نشانہ بنانا تھا۔ لوٹی ہوئی دولت کو تلاش کرنے سے انہیں کوئی سروکار نہیں تھا۔

کاو ے موسوی نے کہا کہ ’ہم آزادانہ طور پر آگے بڑھے اور میں آپ کو واضح طور پر بتا سکتا ہوں کہ ہمیں مسروقہ اثاثے یا اثاثوں کا ایک روپیہ بھی نہیں ملا جس کا تعلق نواز شریف یا ان کے خاندان کے ساتھ جوڑا جاسکے۔ ‘

کاوے موسوی نے اس الزام کے حوالے سے اپنے کردار کے بارے میں بھی کی جو 2018 کے انتخابات کے دوران سامنے آیا تھا کہ نوازشریف نے مشرق بعیدہ کے بینک میں دسیوں ملین ڈالر رکھے تھے اور اس وقت قوت رکھنے والے حلقوں تک بھی یہ الزام پہنچا تھا۔ موسوی نے کہاکہ یہ رقم فرضی تھی اور اس الزام میں بھی کوئی صداقت نہیں تھی۔

کاوے موسوی نے کہا کہ ’میں محسوس کرتا ہوں کہ ہم بھی نیب نامی کرمنل آرگنائزیشن کی غلط بیانی کا شکار تھے، ہماری نیت صاف تھی، لندن میں ٹریبونل میں معاملے کے اختتام تک ہمیں جو بھی معلومات ملیں ہم نے انہیں نیب تک پہنچایا لیکن انہوں نے کوئی دلچسپی نہیں لی۔ میری اپنی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سراسر دھوکا تھا۔ انہیں کوئی دلچسپی نہیں تھی اور مجھ سے منسوب کوئی بھی الزام بغیر کسی ہچکچاہٹ کے واپس لیتا ہوں۔‘

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.