Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلوچستان واقعے میں ملوث بلوچ گروہ کو ایران کی سرزمین سے مدد ملی: شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اورماڑہ واقعے پر کہا ہے کہ اس میں ملوث بلوچ دہشت گرد تنظیموں کے الائنس بی آر اے کے تربیتی کیمپ ایران میں ہیں اور اس سلسلے میں پڑوسی ملک کو قابل عمل معلومات فراہم کردی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ علی الصبح بزی ٹاپ کے پاس پیش آیا، جہاں بسوں کو روکا اور لوگوں کی نشاندہی کے بعد 14 پاکستانیوں کو شہید کیا گیا، جس میں 10 پاکستان نیوی، 3 پاک فضائیہ اور ایک پاکستان کوسٹ گارڈ کا جوان تھا، اس واقعے پر ہمیں دکھ و تکلیف ہے کیونکہ جس بے دردی سے ہمارے سپاہیوں کو شہید کیا گیا، اس پر پوری قوم کو غم و غصہ ہے اور وہ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ واقعہ کیوں ہوا اور کس نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ایک الائنس بی آر اے سامنے آچکا ہے، جس میں مختلف بلوچ دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں اور انہوں نے اس واقعے کی ذمہ داری بھی قبول کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کیمپوں کے مقامات کی نشاندہی کردی ہے اور بتا دیا ہے کہ ان عناصر کے کیمپ کہاں کہاں موجود ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ایران، پاکستان کے ساتھ ہمسائے اور برادرانہ تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے ان تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس واقعے کے مخصوص فارنزک ثبوت موجود ہیں جو ان مجرموں تک پہنچنے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے، یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ اس راستے کو پاکستان پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔

واقعے کے بعد کی صورتحال پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میری ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے بات چیت ہوئی اور انہیں پاکستان قوم کے غم و غصہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہم اپنے پڑوسی سے کیا توقعات رکھتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.