Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بنوں: نامعلوم افراد نے لیڈی ہیلتھ ورکرسمیت دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا

بنوں میں نامعلوم افراد نے لیڈی ہیلتھ ورکرسمیت دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں علاقہ نظیم بازار میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ نامعلوم افراد نے رکشہ پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیڈی ہیلتھ ورکربستاج بی بی اور رکشے کا ڈرائیور زخمی ہوگئے جن کو بعد میں خلیفہ گلنواز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق لیڈی ہیلتھ ورکر اور رکشہ ڈرائیور عبد الرؤف دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق لیڈی ہیلتھ ورکر پولیو مہم کے ڈیوٹی کے لئے جا رہی تھی کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد کا نشانہ بن گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ لیڈی ہیلتھ ورکر بستاج بی بی آئی ڈی پیز کیمپ بکاخیل میں پولیو مہم کی ڈیوٹی کرتی تھی۔

دوسری جانب نامعلوم افراد فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

خیال رہے کہ بنوں میں تین روزہ پولیو مہم 9 دسمبر سے شروع ہوا ہے اور اس واقعے کے بعد ضلع میں پولیو مہم تعطل کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔ رواں برس ملک میں اب تک 94 پولیو کے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 24 کا تعلق بنوں سے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.