Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بھارتی وزیراعظم ہمیں سفارتی طور پرکمزور کرناچاہتا ہے،بھارت سارک کو یرغمال بناچکا ہے۔وزیر خارجہ

ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ بھارتی وزیراعظم ہمیں سفارتی طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے،آنے والے دنوں میں امتحان آنے ہیں تاہم ہم پراعتمام طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

ملتان میں ایک تقریب سےخطاب کرتےہوئےشاہ محمود قریشی نےکہاکہ ابھی امتحان جاری ہےاورامتحان ختم نہیں ہوا،بھارت سارک کو یرغمال بنا چکا ہے۔

شاہ محمود قریشی نےکہاکہ’ہم بھانپ گئےتھےکہ مودی الیکشن سےپہلےکوئی ناکوئی حرکت کرےگا،دوستی کاہاتھ بڑھاؤ گےتوہاتھ تھامیں گےاورجنگ کا مکا دکھاؤ گےتو مکا توڑدیں گے’۔

انہوں نےکہاکہ ‘مقبوضہ کشمیر میں جنازےاٹھ رہےہیں جنہیں پاکستانی پرچم میں لپیٹاجاتا ہے،پہلی باراو آئی سی اجلاس میں کشمیر میں مظالم کو ریاستی دہشت گردی کہاگیا،جو حالات کشمیر میں ہورہےہیں،اگر میں بھارت کا وزیرخارجہ ہوتا تو مجھے رات کو نیند نا آتی’۔

وزیر خآرجہ کاکہنا تھاکہ روس اوربھارت کےتعلقات کسی سےپوشیدہ نہیں لیکن آج روس کےساتھ ہمارےتعلقات میں بہتری آرہی ہے، پلوامہ معاملے پر روس نے پاکستان پر نکتہ چینی نہیں کی بلکہ کہا کہ وہ کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نےکہاکہ گزشتہ دور حکومت میں پاکستان کا نام گرےلسٹ میں شامل ہوا اورمعاشی اعتبار سےپاکستان دیوالیہ ہونےکےقریب تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کی کرن نظر آ رہی ہے اور ناامیدی میں امید کی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے،پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہےاوراس کاسب سےزیادہ فائدہ ہمیں ہوگا۔

انہوں نےکہاکہ عمران خان نےہمشیہ کہاکہ افغان مسئلہ مذاکرات سےحل ہوگا اوران کےاس بیان پرانہیں طالبان خان کاطعنہ دیاگیا تاہم آج عمران خان کےمؤقف کو تسلیم کیاگیا،آج امریکا،افغانستان دوحا میں مذاکرات کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب اور عرب امارات نے سالوں بعد پاکستان میں توجہ دینی شروع کی اور اربوں ڈالرز کے منصوبوں کے معاہدے کیے جب کہ حالیہ مسائل میں سعودی عرب نے کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، سعودی عرب ہمارا دوست اور محسن ملک ہے، مشرقی وسطی سے بے شمار پاکستانی روزگار حاصل کرتے ہیں اور ہماری معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر ہونا پاکستان کے مفاد میں ہے، صدر ٹرمپ نے بھی امن میں ہماری کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.