Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے کشمیر کی معیشت کو ساڑھے نو ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہو چکا ہے،پاکستان کشمیر میں بھارتی مظالم کے ناقابل تردید ثبوت دے چکا ہے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کی او آئی سی کے خصوصی نمائندہ برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے کے ہمراہ وزارت خارجہ میں مشترکہ پریس

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے کشمیر کی معیشت کو ساڑھے نو ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہو چکا ہے،پاکستان کشمیر میں بھارتی مظالم کے ناقابل تردید ثبوت دے چکا ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بات او آئی سی کے خصوصی نمائندہ برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے کے ہمراہ وزارت خارجہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوسف الدوبے خود مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کریں اور او آئی سی کو باخبر رکھیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نمائندہ خصوصی کا یہ دورہ انتہائی بروقت ہے، ستمبر2021 میں ہم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی ”ڈوزیئر”پیش کیا تھا۔ یہ دورہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ مارچ 2022میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اگلا اجلاس پاکستان میں ہو گا۔

قبل ازیں او آئی سی کے نمائندہ خصوصی نے وفد کے ہمراہ ایل او سی کے مختلف سیکٹرز کا معائنہ کیا ۔ پاک فوج کی جانب سے یوسف الدوبے کو سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور بھارتی مظالم پر بریفنگ دی گئی ۔ یوسف الدوبے کو مظفر آباد بھی لے جایا گیا ۔ اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل طارق علی اور دوست مسلم ممالک کے پانچ سینئر سفیر بھی وفد میں شامل تھے۔

سعودی عرب، مراکش، سوڈان، مالدیپ کے سفیر او آئی سی نمائندے کے ساتھ وفد میں شامل تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق او آئی سی وفد نے تھوٹھا مہاجرین کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہیں بھارتی مظالم سے بھاگ کر آنے والوں کے لئے سماجی ومعاشی دیکھ بھال کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، وفد کو ایل او سی کی سیکورٹی نگرانی کے میکنزم اور حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.