خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع میں 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق 9 محرم کو صدر، اندرون شہر، پشتخرہ، نوتھیہ، حسن گھڑی، تہکال اور پچگی روڈ پر موبائل سروس بند ہوگی جب کہ یوم عاشورکو اندرون شہر پشاور اور وڈپگہ میں رات 9 بجے تک موبائل سروس معطل رہے گی۔ ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق مردان شہر میں یوم عاشورہ کو صبح 8 سے رات 10 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی، نوشہرہ کینٹ میں نویں اور دسویں محرم الحرام کو سگنلز بند رہیں گے۔
ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں امام بارگاہوں کے آس پاس سروس معطل رہے گی جب کہ کوہاٹ شہر، ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں شہر اور لکی مروت میں بھی موبائل سروس معطل رہے گی جب کہ ڈی آئی خان اور ٹانک کے حساس علاقوں میں بھی موبائل سگنلز معطل رہیں گے، لینڈ لائن وائی فائی پر انٹرنیٹ سروس بحال رہےگی۔ ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق نویں اور دسویں محرم الحرام پر موبائل فون پر انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی۔