راولپنڈی (ویب ڈیسک) سیاسی افراتفری کے اس دور میں جب سیاسی جماعتیں قومی مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنے کی بجائے اپنے سیاسی نظریات کی بنیاد پر ایک دوسرے سے نبرد آزما رہتی ہیں وہیں پرراولپنڈی کے ایک بلدیاتی حلقے ڈھوک حسو میں سیاسی جماعتوں کے مقامی عہدیداران نے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ ڈھوک حسو راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر واقع ہے اور لاکھوں کی آبادی پر مشتمل ہے۔ اس علاقے میں تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کا قابل ذکر ووٹ بنک موجود ہے۔ یہاں پر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، تحریک لبیک پاکستان، عوامی مسلم لیگ، جماعت اسلامی اور تحریکِ انصاف کے مقامی مرکزی عہدیداران نے مل کر علاقائی امن کمیٹی بنائی ہے۔ اس کمیٹی کا مقصد علاقے کے مسائل مل بیٹھ کر حل کرنا ہے۔ یہ کمیٹی اہلِ علاقہ کے جھگڑے، اختلافات اور مختلف مسائل کو حل کرنے کا ایک باقاعدہ فورم بن چکاہے۔ ڈھوک حسو کی اس علاقائی کمیٹی کے صدر ملک اجمل تاج ہیں جن کا تعلق عوامی مسلم لیگ سے ہے جبکہ جنرل سیکریٹری عادل منیر کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔ نائب صدور میں راجہ طارق کیانی (مسلم لیگ ن)، کامران رضوی (تحریک لبیک)، مراد خان (تحریک انصاف)، اور ملک ذوالفقار (پیپلز پارٹی) شامل ہیں۔ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ پرانے سیاسی کارکن خالد محمود کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔ کمیٹی کے مقاصد میں علاقے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا، لوگوں کے باہمی مسائل کو حل کرنا اور مصالحت کرانا، امن عامہ قائم رکھنا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ اہل علاقہ نے اس منفرد اقدام کو بے حد سراہا ہے اور اسے ملک گیر سطح پر ایک روشن مثال قرار دیا ہے جہاں مختلف سیاسی نظریات کے حامل لوگ علاقے کی بہتری کی خاطراپنے سیاسی اختلافات بھلا کر مل بیٹھے ہیں۔ کمیٹی عوام کے مسائل و اختلافات علاقے میں ہی حل کرے گی جس سے نہ صرف تھانوں اور عدالتوں کا وقت بچے گا بلکہ باہمی اتحاد و یگانگت کو بھی فروغ ملے گا۔
راولپنڈی :مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے قابلِ تقلید مثال قائم کردی
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔2 Mins Read