Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سانحہ ساہیوال کےذمہ داران کو مثالی سزا دی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: سانحہ ساہیوال پرعوام کےغم وغصےکو جائز قرار دیتےہوئےوزیراعظم عمران خان نےیقین دلایا ہےکہ ذمہ داران کو مثالی سزا دی جائے گی۔

سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنےپیغام میں وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ ‘سانحہ ساہیوال پر عوام کا غم و غصہ بالکل جائز ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ میرے دورہ قطر سے واپسی پر نہ صرف واقعے کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی بلکہ میں پنجاب پولیس کے پورے ڈھانچے کا جائزہ لینے کے بعد اس میں اصلاحات کا عمل بھی شروع کروں گا’۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج سے قطرکےدو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں،تاہم وزیراعظم کےاس دورے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

عمران خان یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں،جب دو روز قبل یعنی 19 جنوری کی سہہ پہر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک مشکوک مقابلے کے دوران گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کی جس کےنتیجےمیں میاں بیوی اورانکی 13سالہ بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور تین بچےبھی زخمی ہوئےجبکہ 3 مبینہ دہشت گردوں کے فرار ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔

واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیئے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا گیا، تاہم بعدازاں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ایک کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا۔

میڈیا پر معاملہ آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا، دوسری جانب واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کو حراست میں لے کر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.