Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سری لنکا نے پاکستان کیخلاف پہلی بار ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

سری لنکا نے پاکستان کیخلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔باہمی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تاریخ میں یہ سری لنکا کی پاکستان کیخلاف پہلی کامیابی ہے۔ سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم 147 پر ڈھیر ہوگئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے بھانوکا راجاپاکسا نے 77 اور شیہان جے سوریا نے 34 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، شاداب خان اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سری لنکا کے تین کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔محمد عامر اور محمد حسنین مہنگے ترین بولر ثابت ہونے جنہوں نے 4 اوورز میں بالترتیب 40 اور 39 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہااور ابتداءمیں ہی فخر زمان 6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، اس کے بعد بابر اعظم بھی 3 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

احمد شہزاد اور عمر اکمل ایک بار پھر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے، احمد شہزاد 13 رنز اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔52 کے مجوعی اسکور پر پاکستان کی 5 ویں وکٹ کپتان سرفراز احمد کی گری جو 26 رنز بناکر بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد عماد وسیم اور آصف علی نے کچھ مزاحمت کی تاہم 127 کے مجموعی اسکور پرعماد وسیم 29 گیندوں پر47 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد وہاب ریاض 7، آل رائونڈر شاداب خان 0 اور آصف علی 29 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔یوں پاکستان کو میچ میں 35 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سری لنکا کی جانب سے نوان پرادیپ اور ڈی سلوا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اوڈانا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا کے بھانوکا راجا پاکسا مین آف دی میچ قرار پائے، انہوں نے 77رنز کی اننگز کھیلی اوراسے کیریئر کی یادگار اننگز قرار دیا۔

دوسرے میچ کیلیے گرین شرٹس کے اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں، افتخار احمد اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے فخر زمان اور وہاب ریاض کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا نے 64 رنز سے شکست دی تھی، تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.