Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سپریم کورٹ کا زمین پر قبضے کے الزام میں خورشید شاہ سمیت 46 افراد کو نوٹس

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ میں ہندو برادری کی زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما خورشید شاہ سمیت 46 ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رمیش کمار کی درخواست پر چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ نے سندھ میں ہندو برادری کی اراضی پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ لاڑکانہ میں ہندو برادری کی اراضی پر قبضہ کی رپورٹ تیار ہے جبکہ رمیش کمار نے کہا کہ لاڑکانہ ڈویژن میں 46 شکایات تھیں، رپورٹ میں واضح لکھا ہے کہ ہندو کی زمین پر قبضہ ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ جن لوگوں نے قبضہ کیا ہے ان کو نوٹس دینا پڑے گا، خورشید شاہ کہتے ہیں انہوں نے کسی زمین پر قبضہ نہیں کر رکھا، آپ کہتے ہیں خورشید شاہ نے ہندوؤں کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔
رمیش کمار نے کہا کہ خورشید شاہ کے قبضہ کی تحریری شکایت سائل کی جانب سے دی گئی ہے اور سابق کمشنر سکھر نے بھی ہندو برادری کی زمین پر قبضہ کی تصدیق کی ہے۔
جس پر سپریم کورٹ نے لاڑکانہ ڈویژن میں ہندو برادری کی زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں خورشید شاہ سمیت 46 ملزمان کو نوٹس جاری کر دیے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.