Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

شمالی وزیرستان: 12ویں جماعت کی طالبات کے پرچے کے دوران اسکول پر دستی بم حملہ

شمالی وزیرستان میں بارہویں جماعت کی طالبات کے پرچے کے دوران سرکاری اسکول پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ حملے کے وقت بارہویں جماعت کی طالبات کا پرچہ ہو رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ ہائی اسکول پر دستی بم حملے سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈاپور نے بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں نے خوف و ہراس پیدا کرنے کے لیے حیدرخیل کے ایک سرکاری اسکول کے اوپر  بنے سکیورٹی کے خالی مورچے میں بارودی مواد کا دھماکا کیا۔

ڈی پی او  شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ دھماکے کے ذریعے امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے، حملے کی تحقیقات جاری ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے باریک بینی کے ساتھ حقائق جمع کرکے تفتیش شروع کر دی ہے، جلد نتائج سامنے آئیں گے۔

حیدر خیل کے قبائلی رہنما ملک گل صالح جان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول حیدرخیل تحصیل میرعلی کا واحد گرلز ہائی اسکول ہے جہاں دور دراز سے بچیاں حصول تعلیم کے لیے آتی ہیں،  یہ دھماکا ایک اشارہ تھا کہ یہاں بچیوں کی تعلیم نا ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.