Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا

ہم نے پہلے کبھی کسی کورونا وائرس سے ایسی عالمگیر وبا کو پھیلتے نہیں دیکھا

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نئے نوول کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا ہے کیونکہ یہ 100 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے عالمگیر وبا کی اصطلاح ‘کسی نئے مرض کے دنیا بھر میں پھیلنے’ پر استعمال کی جاتی ہے اور اس کا تعین کسی مرض کے جغرافیائی بنیاد پر پھیلنے، اس کی شدت اور معاشرے پر اس کے اثرات کے تحت کیا جاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے بدھ (11 مارچ) کو کہا کہ اسے انفیکشن کی تشویشناک حد تک پھیلنے پر فکر ہے مگر عالمگیر وبا کی اصطلاح کا مطلب ہار ماننا نہیں بلکہ اس کی درجہ بندی اور اقدامات کے مطالبے کے لیے ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیدروس ادہانوم نے جنیوا میں پریس بریفننگ کے دوران کہا ‘کووڈ 19 کی درجہ بندی عالمگیر وبا کے طور پر کی گئی ہے، ہم نے پہلے کبھی کسی کورونا وائرس سے ایسی عالمگیر وبا کو پھیلتے نہیں دیکھا’۔

عالمی ادارے نے جنوری میں کووڈ 19 کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا تھا، یہ اصطلاح زیادہ سنگین، اچانک، غیر متوقع وبا کے لیے استعمال ہوتی ہے جو بین الاقوامی سطح پھیل جاتی ہے اور اس کی روک تھام کے لیے ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت کووڈ 19 کا کوئی علاج اور ویکسین دستیاب نہیں تاہم اس کی علامات کا علاج کرکے بیشتر افراد صحت یاب ہوجاتے ہیں، اس سے بچاﺅ کا اچھا ذریعہ ہاتھوں کی صفائی، چہرے کو چھونے سے گریز، بیمار افراد کے قریب جانے سے بچنا ہے، جبکہ کھانسی یا چھینکتے ہوئے منہ کو کہنی یا ٹشو سے ڈھانپنا بھی چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.