حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے پر مختلف ممالک کی جانب سے شدیدمذمتی بیانات جاری کیے گئے ہیں۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے
کی مذمت کی اور اسے ایک بزدلانہ عمل قرار دیا ہے۔
فلسطین کے صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام سے متحد ہونے کی بھی اپیل کی۔
ترک وزارت خارجہ نے کہا کہ ایک بار پھر واضح ہوگیا کہ نیتن یاہو کی اسرائیلی حکومت کو امن میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
ترک وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق عالمی قوتوں کی جانب سے اسرائیل کو نہ روکا گیا تو اس سے خطے میں مزید بڑے تنازعات کا سامنا ہوگا۔
قطر کی جانب سے بھی اسماعیل ہنیہ کی تہران میں اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے کے عمل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
قطر نے کہا ہےکہ اسماعیل ہنیہ کا قتل اور غزہ میں عام شہریوں پر اسرائیلی حملے کشیدگی میں خطرناک اضافہ کریں گے۔
اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ ایک ناقابل قبول سیاسی قتل ہے اور یہ خطے میں موجودہ تناؤ میں مزید اضافہ کرے گا۔