Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع میں آرمی ترمیمی ایکٹ متفقہ طور پر منظور

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے سروسز ایکٹ میں ترمیم کے بلز متفقہ طور پر منظور کرلیے۔ 3 جنوری کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع  نے سروسز ایکٹس میں ترمیم منظور کرلی تھیں تاہم گزشتہ روز انکشاف ہوا کہ قائمہ کمیٹی کی کارروائی غلط طریقہ کار سے چلائی گئی تھی جس کے بعد آج ایک بار پھر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین امجد خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سروسز ایکٹ میں ترامیم کو پیش کیا گیا۔ کمیٹی کے اجلاس میں تینوں سروسز ایکٹس کی ترامیم کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

اس حوالے سے وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاکہ تمام جماعتوں نے ترمیمی بل کو متفقہ طور پر منظور کیا جس کے بعد اب یہ ترمیمی بل پارلیمنٹ میں جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ایک رکن نے مخالفت نہیں کی، پیپلزپارٹی کے آفتاب شعبان میرانی نے ایک ترمیم تجویز کی جس پر میں نے انہیں قائل کیا اور بتایا کہ انہوں نے جو ترمیم پیش کی ہے اس کے لیے آئین میں ترمیم کرنا ہوگی۔

وزیر دفاع پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ سب نے یکجہتی دکھائی ہے، قوم کو مبارک ہو، قو م اور ساری سیاسی جماعتیں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔

یاد رہے کہ سروسز ایکٹس میں ترمیم کے بلز کل قومی اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے جہاں سے منظوری کے بعد سینیٹ سے بھی منظوری لی جائے گی۔ چیف کی مدت ملازمت کیس کی سماعت کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو اس حوالے سے قانون سازی کرنے کا حکم دیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.