Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

لاہور پولیس کی ایک خاتون ڈانسر نے درگت بنا دی، گرفتار ساتھیوں کو بھی ساتھ لے گئی

گرین ٹاؤن میں پارٹی کے دوران شور شرابا اور ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر پولیس نے چھاپہ مارا

لاہور(نمائندہ) لاہور پولیس کی ایک خاتون ڈانسر نے درگت بنا دی۔ گرفتار کیے گئے اپنے ساتھیوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں سٹیج اداکارہ دعا چوہدری کے گھر پراُن کے جنم دن کی پارٹی چل رہی تھی۔ پارٹی میں انتہائی بلند آواز میں میوزک چلایا گیا تھا۔ جس پر اہل علاقہ نے 15 پر کال کر کے واقعے کو رپورٹ کیا۔ 15 پر کال ملنے کے بعد تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ریڈ کیا۔ ریڈ جنم دن فنگشن پر کیا گیا جس میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کی گرفتاری کے بعد دعا چوہدری نے چند افراد کے ساتھ مل کر تھانے پر دھاوا بول دیا۔ دعا چوہدری نے تھانے میں موجود پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں۔ اور چند اہلکاروں پر تھپڑوں کی بارش کردی۔
ذرائع کے مطابق سٹیج پر ڈانس کرنے والی اداکارہ دعا چوہدری کے حملے کے سامنے پولیس اہلکار مکمل طور پر بے بس دکھائی دیئے۔ جس پر دعا چوہدری گرفتار کیے گئے اپنے دو ساتھیوں کو زبردستی حوالات سے نکال کر اپنے ساتھ لے گئی۔ اس دوران پولیس منہ تکتی رہ گئی۔
دوسری جانب پولیس نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ اُس وقت خواتین اہلکاروں کی عدم دستیابی تھی۔ اس وجہ سے پولیس اہلکار بے بس دکھائی دیئے۔

تھانہ گرین ٹاؤن میں 7 خواتین سمیت 3 مردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ آخری اطلاع کے مطابق تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.