Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

لورالائی:سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد حملے کو ناکام بنادیا

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خود کش حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ دوسرے خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا۔

اس دوران فرنٹیئر کور کے 2 اہلکار عبدالطیف اور محمد شریف زخمی بھی ہوگئے جنہیں بعد ازاں لورالائی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف لورالائی کے قریب لورالائی ٹاؤن کے مضافات میں کلی کوار کے علاقے میں چیک پوسٹ پر ایک سی اہلکار موجود تھے، جہاں انہوں ایک موٹرسائیکل پر سوار 2 افراد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے رکنے کے بجائے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی اور موسمی دریا کے قریب پناہ لے لی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کیا۔ بعدازاں انکاؤنٹر کے دوران ایک خودکش بمبار مارا گیا جبکہ دوسرے نے اپنے جسم سے جڑی بارودی جیکٹ سے خود کو اڑا لیا۔

اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں موجود محکمہ انسداد دہشت گردی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ دونوں عسکریت پسندوں نے خودکش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں اور بظاہر وہ لورالائی میں کسی ایک مقام پر حملہ کرنے کا منصوبہ کر رہے تھے۔ تاہم ان کا کہنا تھا سیکیورٹی فورسز نے خودکش بمباروں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئی دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.