Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مریم نواز نے حلقہ این اے 75 میں دوبارہ ضمنی الیکشن کا مطالبہ کردیا

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں دوبارہ ضمنی الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسکہ نے پورے پاکستان کا مقدمہ لڑنا ہے۔ ڈسکہ میں اپنے کارکنوں سے خطاب میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آٹا، چینی، بجلی اور ووٹ چوری کے بعد انتخابی عملہ بھی چوری کر لیا گیا۔ جب پوچھا گیا کہاں تھے؟ کون لے کر گیا؟ تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترجمانوں کی فوج نے دھند کا بہانہ بنا دیا۔ ایسی کون سی دھند تھی کہ فون بند ہو جاتے ہیں۔ پریذائڈنگ افسران چودہ گھنٹے غائب رہتے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عوام نے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو شکست دے دی، ان کی ڈسکہ پر نظر تھی۔ ہم نے نوشہرہ میں ان کے گھر میں گھس کر مارا۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں بیٹھا نواز شریف ان سب پر حاوی ہے۔ تنہا نواز شریف نے ان مافیاز کو تنگی کا ناچ نچایا۔ مریم نواز نے کہا کہ پورے ڈسکہ میں ری الیکشن ہونا چاہیے۔ الیکشن کمیشن ووٹ چوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کروائے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ دھند میں کونسی مخلوق، کس کے جنات تھے؟ 20 پولنگ سٹیشنز پر اچانک ٹرن آؤٹ 90 فیصد تک پہنچ گیا، یہ انسانوں کا تو کام نہیں ہو سکتا، دھند میں 90 فیصد عوام کہاں سے نکل آئی؟

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ چور اور مگرمچھوں کے منہ سے تینوں سیٹیں کھینچ کر لانے پر (ن) لیگ کو مبارکباد دیتی ہوں۔ نواز شریف کی طاقت اور بیانیہ سر چڑھ کو بول رہا ہے۔ دھاندلی کے باوجود نواز شریف ڈسکہ کا الیکشن جیت گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.